سارہ علی خان کا فلمی کریئر شروع ہونے سے قبل ہی تنازعات کا شکار

 ممبئی: بالی ووڈ کے چھوٹے نواب سیف علی خان کی بیٹی سارہ علی خان کا فلمی کریئر شروع ہونے سے قبل ہی تنازعات کا شکار ہوگیا ہے۔ 

بالی ووڈ کے چھوٹے نواب سیف علی خان کی بیٹی سارہ علی خان کا فلمی کریئر شروع ہونے سے قبل ہی تنازعات کا شکار ہوتا دکھائی دے رہا ہے، سارہ علی خان کی ڈیبیو فلم ’’کیدارناتھ‘‘ پہلے تاخیر کا شکار ہوئی جس کی وجہ یہ تھی کہ پروڈیوسر اور ہدایت کار فلم کے کچھ  مناظر کو اتر اکھنڈ میں نہیں بلکہ ممبئی میں فلمانا چاہتے تھے، یہ تنازعہ حل ہوا تو فلم  کی ٹیم کے درمیان دیگر تنازعات پیدا ہوگئے۔

اس خبر کو بھی پڑھیں :سارہ علی خان کی ڈیبیو فلم تاخیر کا شکار

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اب یہ خبر سامنے آئی ہے کہ فلم ’’کیدارناتھ‘‘ کے ہدایت کار ابھیشیک کپور نے فلم کی شوٹنگ مکمل کیے بغیر دوسری فلم ’’سمبا‘‘ سائن کرنے پر سارہ علی خان کو قانونی نوٹس بھجوادیا ہے جس میں انہوں نے 5 کروڑ ہرجانے کا مطالبہ کیا ہے۔

فلمساز ابھیشیک کپور کی جانب سے سارہ علی خان کو بھجوائے گئے قانونی نوٹس کے مطابق سارہ علی خان فلم ’’کیدارناتھ‘‘ میں مرکزی کردار ادا کررہی ہیں جس کی شوٹنگ ستمبر 2017 سے شروع ہوئی ہے جب کہ معاہدے کے مطابق سارہ کسی بھی وقت شوٹنگ کے لئے حاضر رہیں گی اور اب سارہ کے سیکریٹری نے کہا ہے کہ دوسری فلم سائن کرنے کے بعد سارہ جون میں اپنی دیگر شوٹنگ کے لئے دستیاب نہیں ہوں گی جو کہ معاہدے کی خلاف ورزی ہے۔

یہ بھی پڑھیں :سارہ علی خان رنویر سنگھ کی ہیروئن بنیں گی

واضح رہے فلم ’کیدار ناتھ‘ کی شوٹنگ جاری ہے جسے 2019 کے آغاز میں ریلیز کیے جانے کا امکان ہے جب کہ رنویر سنگھ کی نئی ایکشن فلم ’’سمبا‘‘رواں برس 28 دسمبر کو سینما گھروں کی زینت بنے گی۔

The post سارہ علی خان کا فلمی کریئر شروع ہونے سے قبل ہی تنازعات کا شکار appeared first on ایکسپریس اردو.

جنسی ہراسانی کے الزامات پر ہالی ووڈ پروڈیوسر نے گرفتار دیدی

لاس اینجلس: ہالی ووڈ کے پروڈیوسر ہاروی وین اسٹیئن نے خواتین کی جانب سے جنسی ہراسانی کے الزامات کے بعد خود کو نیویارک پولیس کے حوالے کر دیا۔ 

ہالی ووڈ کے 66 سالہ پروڈیوسر وین اسٹیئن پر جنسی حملے کرنے، زیادتی اور ہراساں کیے جانے کے متعدد الزامات ہیں تاہم وہ ان الزامات کی تردید کرتے رہے ہیں جب کہ ان پرالزامات کے بعد انٹرنیٹ پر ’’می ٹو‘‘ کے نام سے مہم کا آغاز بھی ہوا جس کے تحت بالی ووڈ میں جنسی ہراسانی کے متعدد واقعات سامنے آئے جب کہ لالی ووڈ میں بھی میشا شفیع نے علی ظفر پر ہراساں کرنے کا الزام عائد کیا۔

ہاروی وین اسٹیئن نے خواتین کی جانب سے جنسی ہراسانی کے الزامات کے بعد خود کو نیویارک پولیس کے حوالے کر دیا جب کہ انہیں جلد عدالت پیش کیا جائے گا جہاں ان پر فرد جرم عائد کی جائے گی، ہاروی پر فردِ جرم مین ہیٹن گرینڈ جیوری کی تحقیقات کی روشنی میں عائد کی جائے گی۔

واضح رہے وائن اسٹین پر ہالی وڈ کی صف اول کی اداکارائیں انجیلینا جولی، سلما ہائیک، گائینتھ پیلٹرو، ایشلے جَڈ، روز میک گوئن اور ہیتھر گراہم سمیت 80 سے زائد خواتین جنسی ہراسانی کا الزام عائد کرچکی ہیں۔

 

The post جنسی ہراسانی کے الزامات پر ہالی ووڈ پروڈیوسر نے گرفتار دیدی appeared first on ایکسپریس اردو.

شاہد کے انکار پر راج کمار کی امتیاز علی کی فلم میں انٹری

 ممبئی: بالی ووڈ اداکار شاہد کپور کی جانب سے ہدایت کار امتیاز علی کی فلم میں کام کرنے سے انکار کے بعد راج کمار راؤ کو کاسٹ کرلیا گیا ہے۔

ہدایت کار امتیاز علی اور اداکار شاہد کپور کی جوڑی نے بالی ووڈ کو ’جب وی میٹ‘ جیسی کامیاب فلم دی جو شاہد کپور کے کیریئر کی سب سے کامیاب فلم تصور کی جاتی ہے اور اسی فلم کے 10 سال مکمل ہونے پر ایک تقریب بھی منعقد کی گئی تھی جس میں ہدایت کار اور اداکار کی اس جوڑی نے ایک اور فلم ساتھ کرنے کا اعلان کیا۔

ہدایت کار امتیاز علی کی نئی فلم رواں سال اپریل میں ریلیز ہونی تھی تاہم چند وجوہات کی وجہ سے فلم کو اگلے سال تک ملتوی کردیا گیا جس پر شاہد کپور نے فلم کرنے سے معذرت کرلی۔ شاہد کپور نے فلم کی کہانی سننے کے بعد اس میں دلچسپی کا اظہار کیا تھا بعد ازاں انہوں نے اپنی مصروفیات کے باعث فلم میں کام کرنے سے انکار کردیا۔

رپورٹس کے مطابق فلم میں دو اداکار کو مرکزی کردار میں شامل کیا گیا تھا جس میں شاہد کپور کے ساتھ دوسرا نام راج کمار راؤ کا آرہا تھا تاہم شاہد کے انکار کے بعد اب راج کمار کو لیڈ رول میں کاسٹ کرلیا گیا ہے اور ہدایت کار ان کی شخصیت کے حساب سے فلم کے اسکرپٹ میں کچھ تبدیلیاں بھی کررہے ہیں۔

واضح رہے شاہد کپور ان دنوں فلم ’بتی گل میٹر چالو‘ اور ’ارجن ریڈی‘ کے ریمیک کی شوٹنگ میں مصروف ہیں۔

The post شاہد کے انکار پر راج کمار کی امتیاز علی کی فلم میں انٹری appeared first on ایکسپریس اردو.

’ریس 3 ‘میں عاطف اسلم اورسلمان خان کی گرل فرینڈ کا گانا مذاق کا نشانہ بن گیا

ممبئی: ’ریس3‘میں عاطف اسلم اور سلمان خان کی گرل فرینڈ لولیا وینتر کا گانا ’سیلفش‘ سوشل میڈیا پر مذاق کا نشانہ بن گیا۔

پاکستانی گلوکار عاطف اسلم اور راحت فتح علی خان سلومیاں کے پسندیدہ گلوکار ہیں یہی وجہ ہے کہ سلمان خان ان دونوں کی آواز اپنی فلموں میں ضرور شامل کرتے ہیں اور ان کے گانے بھی جلد ہی زبان زدعام ہوجاتے ہیں۔

سلمان خان نے عاطف اسلم کی آواز میں گیت ’سیلفش‘ کو ’ریس 3‘ کا حصہ بنایا ہے، اس گانے کی خاص بات یہ ہے کہ اس کے بول خود سلمان خان نے لکھے ہیں اور اس میں عاطف اسلم کے ہمراہ کسی نامور گلوکارہ نے نہیں بلکہ سلمان خان کی گرل فرینڈ لولیا وینتر نے اپنی آواز کا جادو جگایا ہے۔ یہ گانا سلمان خان، جیکولین فرنینڈس، بوبی دیول اور ڈیزی شاہ پر فلمایا گیا ہے۔

گانے کو ریلیز کے ساتھ ہی بھرپور پزیرائی مل رہی ہے، لوگ عاطف اسلم کی آواز میں ادا کئے گئے بول تو پسند کررہے ہیں لیکن بطور گلوکارہ لولیا وینتر لوگوں کو متاثر کرنے میں ناکام رہی ہیں۔

ایک صارف نے سلمان خان کے ٹوئٹ کے جواب میں گانے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا بند کرو بھائی یہ بیروزگاری کی منصوبہ بندی۔

کچھ صارفین نے گانے کو ہی گھٹیا جب کہ کچھ صارفین نے مایوس کن قراردیا۔ کچھ لوگوں نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ  عاطف بھائی نے تو آگ لگادی لیکن لولیا وینتر نے گانا خراب کردیا۔

The post ’ریس 3 ‘میں عاطف اسلم اورسلمان خان کی گرل فرینڈ کا گانا مذاق کا نشانہ بن گیا appeared first on ایکسپریس اردو.

سنجے دت کی زندگی پر بننے والی فلم ’سنجو‘ کا نیا پوسٹر جاری

ممبئی: بالی ووڈ اداکار سنجے دت کی زندگی پر مبنی فلم ’سنجو‘ کا نیا پوسٹر جاری کردیا گیا۔

بالی ووڈ میں ان دنوں اداکار سنجے دت کی زندگی پر بننے والی فلم’سنجو‘کے چرچے ہیں۔ گزشتہ ماہ فلم کا پہلا ٹیزر جاری کیا گیا تھا جس میں رنبیر کپور سنجے دت کی زندگی کے مختلف پہلو ؤں کو بہت خوبصورتی کے ساتھ نبھاتے نظرآئے تھے۔ فلمی حلقوں اور سنجے دت کے چاہنے والوں کی جانب سے ٹیزر کی بے انتہا تعریف کی گئی تھی۔

ٹیزر ریلیز کے ایک ماہ بعد فلم کا نیا پوسٹر جاری کیاگیا ہے جس میں فلم میں مرکزی کردار اداکرنے والے اداکار رنبیر کپور اور سونم کپور کافی خوشگوار موڈ میں نظر آرہے ہیں۔

اس خبرکوبھی پڑھیں:  فلم’’سنجو‘‘ کا ٹیزرآتے ہی چھاگیا

فلم کے ہدایت کار راجکمار ہیرانی نے فلم کاپوسٹر ٹوئٹر پر شیئر کرتے ہوئے لکھا ہے کہ  ’سنجو کی جنونی محبت بھری زندگی کی ایک جھلک‘ اس کے ساتھ ہی انہوں نے فلم کا پہلا ٹریلر آؤٹ ہونے کی تاریخ بتاتے ہوئے کہا فلم کا پہلا ٹریلر 5 دن بعد 30 مئی کو ریلیز کیا جائے گا۔

فلم میں اداکارہ سونم کپور مختصر لیکن جاندار کردار نبھارہی ہیں ، اپنے کردار کے حوالے سے سونم کا کہنا تھا کہ لوگ سوچ رہے ہیں میں فلم میں کسی اداکارہ (مادھوری ڈکشٹ) کا کردار نبھارہی ہوں لیکن یہ سچ نہیں ہےمیرا کردار مختصر لیکن جاندار ہے تاہم مجھے اپنے کردار کے حوالے سے تفصیلات بتانے کی اجازت نہیں ہے۔

واضح رہے کہ فلم’سنجو‘میں سنجے دت کا مرکزی کردار اداکار رنبیر کپور اداکررہے ہیں جب کہ  اداکارپاریش راول سنجے دت کے والد سنیل دت اور منیشا کوئرالہ ان کی والدہ اداکارہ نرگس کے کردار میں نظر آئیں گی۔ فلم کی  دیگر کاسٹ میں اداکارہ سونم کپور، انوشکاشرمااور دیامرزاشامل ہیں۔ ایکشن ، کامیڈی اور ٹریجیڈی سے بھرپور فلم ’سنجو‘اگلے ماہ 29 جون کو ریلیز کی جائےگی۔

The post سنجے دت کی زندگی پر بننے والی فلم ’سنجو‘ کا نیا پوسٹر جاری appeared first on ایکسپریس اردو.

معاشرتی مسائل کو اجاگر کرنے کا فنون لطیفہ سے بہتر کوئی ذریعہ نہیں، سعیدہ امتیاز

 لاہور:  اداکارہ وماڈل سعیدہ امتیازنے کہا ہے کہ دنیا بھرمیں فنون لطیفہ کے مختلف شعبوں سے لوگوں میں شعور اجاگر کرنے کاکام لیا جاتا ہے جب کہ معاشرتی مسائل کو اجاگر کرنے کا اس سے بہترکوئی دوسرا ذریعہ نہیں ہے۔

’’ایکسپریس‘‘ سے گفتگو کرتے ہوئے سعیدہ امتیازنے کہا کہ دنیاکی تمام بڑی فلم انڈسٹریوں میں ایسی نت نئی کہانیوں پرفلمیں بنائی جارہی ہیں جن کو دیکھ کرعقل دنگ رہ جاتی ہے۔ ان فلموں میں ہماری زندگی سے وابستہ ان تمام شعبوں کو خوبصورتی سے پیش کرنے کے ساتھ ایسی دلچسپ اندازسے معلومات دی جاتی ہے کہ لوگوں کو اس سے سیکھنے کا موقع ملتاہے اوران کے مسائل میں بہت کمی آجاتی ہے لیکن بدقسمتی سے ہمارے ہاں لالی وڈ میں بننے والی فلموں کی تعداد میں جہاں ہر سال حیرت انگیزکمی آتی رہی ہے، وہیں ان کا معیار بہترہونے کے بجائے متاثرہوا تھا۔

اداکارہ نے کہا کہ یہی وجہ ہے کہ شائقین کی بڑی تعداد نے پاکستانی فلم سے دوری اختیارکی اوران کا رجحان ٹی وی ڈراموں، تھیٹرکے ساتھ ساتھ غیرملکی فلموں کی جانب بڑھا۔ مگراب ایک مرتبہ پھر سے پاکستانی فلم کا معیار بہترہورہا ہے۔ اس میں کچھ خامیاں دکھائی دیتی ہیں لیکن ان کو درست کیاجاسکتا ہے اورمجھے لگتا ہے کہ نوجوان فلم میکرز اس بارے میں ضرور سوچتے ہونگے۔

سعیدہ امتیاز نے کہا کہ دیکھاجائے تو ہماری فلموں کی پسندیدگی میں بھی ہردن اضافہ ہورہا ہے اورماضی کی طرح اعلیٰ تعلیم یافتہ فنکاروں کے چاہنے والوںکی تعداد اب بڑھ رہی ہے۔ جہاں تک بات ٹیلنٹ کی ہے توبلاشبہ پاکستانی فنکار کسی سے کم نہیں ہے۔ اس کی بڑی مثال بھارت میں کام کرنیوالے فنکاروں سے بھی دی جاسکتی ہے۔ اگرہمارے فنکارباصلاحیت نہ ہوتے توانھیں کبھی بھی وہاں کام کرنے کی پیشکش نہ کی جاتی۔

اداکارہ نے کہا کہ میں بھی بہت جلد سلورسکرین پرجلوہ گرہونگی، لیکن اس حوالے سے تفصیلات فی الوقت کنٹریکٹ کے مطابق نہیں دے سکتی۔ مگراپنے چاہنے والوں کو صرف اتنا کہوں گی کہ وہ مجھے ایک نئے روپ اور انداز میں دیکھیں گے، جوان کوخوب انٹرٹین کرے گا۔

The post معاشرتی مسائل کو اجاگر کرنے کا فنون لطیفہ سے بہتر کوئی ذریعہ نہیں، سعیدہ امتیاز appeared first on ایکسپریس اردو.

رنگیلا کو مداحوں سے بچھڑے 13 برس بیت گئے

 لاہور: اداکار رنگیلا کو مداحوں سے بچھڑے 13 برس بیت گئے۔

پاکستانی فلم انڈسٹری کا جھومر اور دلچسپ انداز اداکاری کے ذریعے زندگی میں رنگ بھرنے والے اداکار رنگیلا کو مداحوں سے بچھڑے 13 برس بیت گئے۔ غمزدہ چہروں پرتبسم بکھیرنے والے رنگیلا نے چھ سو سے زائد فلموں میں کمال فن دکھا کر متعدد ایوارڈز اپنے نام کیے۔

برجستہ جملوں اور انوکھی اداکاری کے ذریعے فلم بینوں کو لوٹ پوٹ کر دینے والے محمد سعید خان عرف رنگیلا یکم جنوری انیس سو سنتیس کو افغانستان میں پیدا ہوئے، رنگیلا نے عملی زندگی کا آغاز پروفیشنل باڈی بلڈرز سے کیا لیکن انھیں شہرت اداکاری سے حاصل ہوئی۔

رنگیلا نے اپنی فنی زندگی کا آغاز فلم جٹی سے کیا۔رنگیلا نے فلموں کے عام کامیڈین سے ہیرو شپ تک کا سفر انتھک محنت اور خداداد صلاحیتوں کے بل پر طے کیا،ان کی مشہور فلموں میں رنگیلا، دل اور دنیا، کبڑا عاشق، عورت راج، پردے میں رہنے دو، ایماندار، بے ایمان، انسان اور گدھا اوردو رنگیلے شامل ہیں۔

The post رنگیلا کو مداحوں سے بچھڑے 13 برس بیت گئے appeared first on ایکسپریس اردو.