ارباز خان نے آئی پی ایل میں سٹے بازی کا اعتراف کرلیا

 ممبئی: بالی ووڈ کے سلطان سلمان خان کے بھائی اداکار ارباز خان نے آئی پی ایل میں سٹے بازی کا اعتراف کرلیا۔

کرکٹ میں میچ فکسنگ کے متعدد واقعات سامنے آچکے ہیں اور ایسے میں کرکٹ لیگز بکیز کا اہم نشانہ ہوتی ہیں چونکہ انٹرنیشل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ان لیگز پر اس طرح نظر نہیں رکھتی جیسا کہ انٹرنیشنل ایونٹس پر رکھتی ہے لہذا بکیز اس موقع کا بھرپور فائدہ اٹھاکر کھلاڑیوں کو اپنے جال میں پھنسانے کی کوشش کرتے ہیں جب کہ انڈین پریمئر لیگ (آئی پی ایل) بڑی کرکٹ لیگ ہونے کی وجہ سے سٹے بازوں کے نشانے پر ہوتی ہے جس میں اب بالی ووڈ شخصیات بھی ملوث ہورہی ہیں۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق مہارشٹرا پولیس نے چند روز قبل بکی سونو جلان کو حراست میں لیا تھا جس نے دوران تفتیش بالی ووڈ فلمساز وہدایت کار ارباز خان کی جانب سے آئی پی ایل میں سٹے بازی کا انکشاف کیا تو پولیس نے ارباز خان کو بیان ریکارڈ کرنے کے لیے تھانے طلب کرلیا، جس پر انہوں نے آج ’اینٹی ایکسٹورشن سیل‘ کے سامنے پیش ہوکر اپنا بیان ریکارڈ کروایا۔

رپورٹس کے مطابق پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ ارباز خان نے انڈین پریمئر لیگ میں سٹے بازی کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ وہ گزشتہ برس 2 کروڑ 75 لاکھ ہارے لیکن اس کے بعد متعدد بار جیتے بھی جب کہ سٹے بازی کی وجہ سے سلمان خان ان سے شدید ناراض ہے اور اہلیہ سے کئی بار سٹے بازی کی وجہ سے تلخ کلامی ہوتی رہی، ملائکہ اروڑا سے طلاق کی وجہ بھی سٹے بازی تھی۔

بعد ازاں میڈیا سے بات کرتے ہوئے ارباز خان کا کہنا تھا کہ انہوں نے اپنا بیان ریکارڈ کروادیا ہے اور جب بھی پولیس انہیں طلب کرے گی وہ بھر پور تعاون کریں گے۔ رپورٹس کے مطابق بکی سونو جلان نے ارباز خان سمیت بالی ووڈ کی نامور شخصیات پر سٹے بازی کا الزام عائد کیا تھا جب کہ پولیس ارباز خان کے بعد دیگر شخصیات کو بھی جلد طلب کرے گی۔

The post ارباز خان نے آئی پی ایل میں سٹے بازی کا اعتراف کرلیا appeared first on ایکسپریس اردو.