بالی ووڈ اداکار90 کی دہائی میں فلم ’سنجو‘ کی تشہیر کرتے ہوئے

 ممبئی: 

بالی ووڈ اداکار سلمان، اکشے کمار ،سیف علی خان اور اجے دیوگن کی ماضی میں ’سنجو‘ کے پوسٹر کے ساتھ تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ہے۔ 

بالی ووڈ میں فلموں کی کامیابی کے لئے ریلیز سے قبل خوب تشہیر کی جاتی ہے اور اس میں نہ صرف اداکار خود اہم کردار ادا کرتے ہیں بلکہ اکثر دیگر دوستوں کو بھی اپنی تشہیری مہم میں شامل کرتے ہیں۔ بالی ووڈ میں آج ہی ریلیز ہونے والی سنجے دت کی زندگی پر مبنی فلم ’سنجو‘ کے ہر جگہ چرچے ہو رہے ہیں یہی وجہ ہے کہ 90 کی دہائی میں بالی ووڈ کے نامور اداکاروں کی ’سنجو‘ کے پوسٹر کے ساتھ  ایک تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بالی ووڈ کے معروف اداکار سنجے دت کی زندگی پر بنائے جانے والی فلم ’سنجو‘ میں مرکزی کردار ادا کرنے والے رنبیر کپور کی فلم کو کامیاب بنانے کے لئے اُن کے والد و معروف اداکار رشی کپور نے سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ کی جو دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہوگئی۔

رشی کپور نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پرایک تصویر پوسٹ کی جس میں اکشے کمار،سلمان خان،اجے دیوگن اور سیف علی خان سنجو کا پوسٹر ہاتھ میں لئے کھڑے ہیں جس پر لکھا ہے کہ سنجو، ہم آپ کے ساتھ ہیں جب کہ رشی کپور نے اپنی ٹوئٹ میں شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ بالی ووڈ کے یہ معروف اداکار اس وقت سے ہی فلم کی تشہیر کررہے ہیں۔

یہ خبر بھی پڑھیں: سلمان خان کی رنبیر پر تنقید اور راجکمار ہیرانی کا کرارا جواب

رپورٹس کے مطابق رشی کپور کی جانب سے بالی ووڈ اداکاروں کے ہاتھ میں سنجے دت کا پوسٹر لئے تصویر در حقیقت کسی فلم کی تشہیر کی نہیں بلکہ اُس دور کی ہے جب 90 کی دہائی میں سنجے دت دیگر مقدمات کی وجہ سے قانون کی گرفت میں تھے اس لئے اُن کی حمایت میں اداکار سراپا احتجاج تھے۔

واضح رہے کہ سنجے دت کی زندگی پر بننے والی فلم ’سنجو‘ میں رنبیر کپور کے ہمراہ منیشا کوئرالہ، سونم کپور،انوشکا شرما اور دیا مرزا مرکزی کردار ادا کر رہی ہیں۔

The post بالی ووڈ اداکار90 کی دہائی میں فلم ’سنجو‘ کی تشہیر کرتے ہوئے appeared first on ایکسپریس اردو.