دنیا کے بااثرافراد میں سلمان خان اورپریانکا بھی شامل

بھارت کے علاوہ اس فہرست میں امریکا کے 362، برطانیہ کے 28، چین کے 20 افراد شامل ہیں؛ فوٹوفائل

بھارت کے علاوہ اس فہرست میں امریکا کے 362، برطانیہ کے 28، چین کے 20 افراد شامل ہیں؛ فوٹوفائل

ممبئی: امریکن میگزین کی جانب سے جاری کردہ فہرست کے مطابق دنیا بھرکے 500 با اثربزنس لیڈرزمیں اداکارسلمان خان اورپریانکا چوپڑا بھی شامل ہیں۔

ویرائٹی 500 نامی بین الاقوامی ویب سائٹ ہرسال بااثرکاروباری افراد کی فہرست جاری کرتی ہے۔ آفیشل ویب سائٹ نے گزشتہ روز دنیا بھر کے 500 بااثرافراد کی فہرست جاری کی ہے جس میں بالی ووڈ اداکار سلمان خان، پریانکا چوپڑا، ہدایت کار کرن جوہر، پروڈیوسر ایکتا کپور سمیت 12 بھارتی شامل ہیں۔ بھارت کے علاوہ اس فہرست میں امریکا کے 362، برطانیہ کے 28، چین کے 20، فرانس کے 16 جرمنی کے 15، اٹلی کے 8، اسپین کے 6 اورمیکسیکو کے 4 افراد شامل ہیں۔

سلمان خان:

ویرائٹی کی جانب سے سلمان خان کو بااثر افراد کی فہرست میں شامل کیے جانے پرٹوئٹ کیا گیا ہے کہ سلمان خان  گزشتہ کئی دہائیوں سے بالی ووڈ پرحکمرانی کرنے والے تینوں خانزشاہ رخ اور عامر خان میں سے ایک ہیں اور اب وہ ویرائٹی 500 کا حصہ ہیں۔

پریانکا چوپڑا:

اداکارہ پریانکا چوپڑا نے بالی ووڈ سمیت بیرون ممالک بھی اپنی پہچان بنائی ہے۔ پریانکا مس ورلڈ بھی رہ چکی ہیں جب کہ وہ یونیسیف کی ایمبسیڈر بھی ہیں اور بچوں کے حقوق کے لیے یونیسف کے ساتھ مل کر کام کرتی ہیں۔ اداکاری کے علاوہ پریانکا چوپڑانے گلوکاری کے شعبے میں بھی نام کمایا ہے اس کے علاوہ ان کی پروڈکشن کمپنی ’پرپل پیبل پکچرز‘ کے بینر تلے مراٹھی فلم ’وینٹی لیٹر‘ بھی ریلیز ہوچکی ہے۔ پریانکا چوپڑا بھارت کے ساتھ بیرون ممالک بھی ایک پہچان رکھتی ہیں اور ان کا شمار بااثر شخصیات میں ہوتا ہے، یہی وجہ ہے کہ ان کا نام اس لسٹ میں شامل کیا گیا ہے۔

کرن جوہر:

نامور بالی ووڈ ہدایت کار کرن جوہر کا شمار بالی ووڈ کے کامیاب ترین افراد میں ہوتا ہے۔ امیزون پرائم ویڈیوانڈیا نے پہلی بار کرن جوہر کے دھرما پروڈکشن ہاؤس کے ساتھ پہلی فیچر فلم کے لیے لائسنس ڈیل  کی تھی۔

ان کے علاوہ بھارتی ڈراما اور فلم انڈسٹری کی جانی مانی پروڈیوسر ایکتا کپور، فلمساز آدیتیہ چوپڑا اورسدھارتھ کپور بھی اس فہرست میں شامل ہیں۔