سلمان خان نے فلم ’ریس تھری‘ کے ٹریلر کی تاریخ کا اعلان کردیا 

 ممبئی: بالی ووڈ کے سلطان سلمان خان کی ایکشن سے بھرپور فلم ’ریس تھری‘ کے ٹریلر کی تاریخ منظر عام پر آگئی۔

بھارت کے سپر اسٹار سلمان خان کی فلموں کا مداحوں کو بہت بے صبری سے انتظار رہتا ہے اور خاص کر ان کی پچھلی فلم ’ٹیوب لائٹ‘ کی ناکامی کے بعد 51 سالہ اداکار بہت محتاط ہوگئے ہیں جب کہ ’ٹائیگر زندہ ہے‘ کی مقبولیت کے بعد تھرل اور ایکشن سے بھر پور فلم ’ریس تھری‘ سے بھی سلو میاں کو بہت اُمیدیں وابستہ ہیں یہی وجہ ہے کہ فلم کے پوسٹر کے بعد ہلچل مچانے کے لئے فلم کے ٹریلر کی تاریخ کا اعلان بھی کردیا گیا ہے۔

بالی ووڈ سپر اسٹار سلمان خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر تھرل اور ایکشن سے بھرپور فلم ’ریس تھری‘ کا ایک اور پوسٹر جاری کرتے ہوئے کہا کہ اگر سچ بتاؤں تو ہم فلم ’ریس تھری‘ کے ٹریلر کو جاری کرنے کے لئے بلکل بھی تیار نہیں تھے یہی وجہ ہے کہ اتنے دن تک صرف پوسٹر ہی جاری کئے۔

دبنگ خان نے مزید کہا کہ انتظار کا پھل میٹھا ہوتا ہے لہذا اب فلم کا ٹریلر 15 مئی کو جاری کیا جائے گا جب کہ میں آپ سب سے وعدہ کرتا ہوں کہ آپ کا انتظار رائیگاں نہیں جائے گا کیوں کہ اس کی بہت اہمیت ہے۔

یہ خبر بھی پڑھیں: سلمان خان کا فلم ’ریس تھری ‘ کیلیے انوکھا تحفہ

واضح رہے کہ معروف کوریوگرافر ریمو ڈی سوزا کی ہدایت کاری میں بننے والی  فلم ’ریس‘ کا تیسرا سیکوئل ہے جس میں سلمان خان کے  ہمراہ جیکولین فرننڈس کے علاوہ دیسی شاہ ،انیل کپور، بوبی دیول اور ثاقب سلیم اداکاری کے جوہر دکھائے گے جب کہ فلم عید کے موقع پر  15 جون 2018 میں سینما گھروں کی زینت بنے گی۔

The post سلمان خان نے فلم ’ریس تھری‘ کے ٹریلر کی تاریخ کا اعلان کردیا  appeared first on ایکسپریس اردو.