’’سنجو‘‘ کا روپ دھارنے کیلیے رنبیر کپور کی ٹریننگ کی ویڈیو وائرل 

ممبئی : بالی ووڈ کے چاکلیٹی ہیرو رنبیر کپور نے فلم ’سنجو‘ کے مختلف روپ دھارنے کے لیے شوٹنگ کے دوران کی ویڈیو وائرل ہوگئی۔ 

بالی ووڈ میں بابا کے نام سے پہچانے جانے والے اداکار سنجے دت کی حقیقی زندگی دیگر اداکاروں سے بے پناہ مختلف رہی جس نے نامور ہدایت کار راج کمار ہیرانی کو اداکار کی زندگی پر فلم بنانے پر مجبور کیا جب کہ سنجو کے ساتھ پیش آنے والے واقعات ومشکلات اور خاص کر ان کے نشے کی عادت کی وجہ سے ان میں بہت تیزی سے جسمانی تبدیلی آتی رہی یہی وجہ ہے کہ فلم ’سنجو‘ میں ان کے متعدد روپ دکھائے گئے ہیں۔

اس خبر کو بھی پڑھیں؛ عامر خان کی وزن میں اضافے اورکمی کی ویڈیو نے دھوم مچادی

بالی ووڈ میں مختلف روپ دھارنے کے حوالے سے مسٹرپرفیکشسنٹ عامر خان شہرت رکھتے ہیں اور وہ فلم ’دنگل‘، منگل پانڈے، تھری ایڈئٹس اور رواں سال ریلیز ہونے والی فلم ’ٹھگ آف ہندوستان‘ میں یہ بخوبی ثابت کرچکے ہیں تاہم ایک ہی فلم میں سنجے دت کے مختلف روپ دھارنا اور ہوبہو بابا جیسی ادکاری کرنا آسان کام نہیں تھا لیکن ہدایت کار راج کمار ہیرانی اور رنبیر کپور نے ناممکن کو ممکن کردکھایا جب کہ خود رنبیر کپور نے یہ اعتراف کیا کہ یہ ان کی زندگی کی پہلی فلم ہے جس کے لیے انہوں نے وزن بڑھایا اور کم کیا۔

فلم ’سنجو‘ کی ٹیم نے شوٹنگ کے دوران کی ویڈیو شیئر کی ہے جس میں سنجے دت کے مختلف روپ دھارنے کے لیے رنبیرکپور اور پوری ٹیم کی محنت کو دکھایا گیا ہے جب کہ خود رنبیر کپور نے بھی وزن بڑھانے کے لیے بھرپور محنت کی۔ سنجو بننے کے لیے رنبیر کپور کی اس ویڈیو کو سوشل میڈیا پر بے حد پسند کیا جارہا ہے اور بہت تیزی سے اس ویڈیو کی شیئرنگ میں اضافہ ہورہا ہے۔

واضح رہے فلم ’سنجو‘ نے صرف 7 روز میں 200 کروڑ کا بزنس کرکے فلمی پنڈتوں کو حیران کردیا جب کہ فلم نے عامر خان کی تھری ایڈیٹس کا ٹوٹل بزنس سمیت متعدد ریکارڈ پاش پاش کردیے اور یہ 2 سو کروڑ کلب میں شامل ہونے والی رنبیر کپور کی واحد فلم بھی ہے۔

 

The post ’’سنجو‘‘ کا روپ دھارنے کیلیے رنبیر کپور کی ٹریننگ کی ویڈیو وائرل  appeared first on ایکسپریس اردو.