شاہ رخ خان نے سلمان کی ’دھوم 4‘ سے چھٹی کرا دی

یش راج بینر نے سلمان کی جگہ شاہ رخ کو فلم میں چور بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ فوٹو: فائل

یش راج بینر نے سلمان کی جگہ شاہ رخ کو فلم میں چور بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ فوٹو: فائل

ممبئی: بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان نے فلم ’’دھوم 4‘‘ سے دبنگ اداکار سلمان خان کی چھٹی کرا دی۔

یش راج بینر تلے بننے والی بالی ووڈ کی کامیاب ترین فلم سیریز دھوم میں اب تک جان ابراہم، ہریتھک روشن اور عامر خان اپنی اداکاری کے جوہر دکھا چکے ہیں، فلم کے چوتھے سیکوئل کے لیے بالی ووڈ کے سلطان سلمان خان کا نام لیا جا رہا تھا اور سلو میاں کے مداح یہ سن کر بہت خوش تھے کہ وہ سلمان خان کو پہلی بار منفی کردار میں دیکھیں گے تاہم اب اطلاعات ہیں کہ دھوم 4 میں سلمان کی جگہ شاہ رخ خان نے لے لی ہے اور اب شاہ رخ ’’دھوم4‘‘ میں چوری کرتے نظر آئیں گے۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: سلمان خان نے شاہ رخ خان کا قرض ادا کردیا

بھارتی میڈیا کے مطابق سلمان خان فلم میں کام کرنے لیے تقریباً تیار تھے لیکن اب اطلاعات موصول ہوئی ہیں کہ یش راج پروڈکشن ہاؤس نے اچانک سلمان کی جگہ فلم میں شاہ رخ خان کو مرکزی کردار کے لیے کاسٹ کر لیا ہے اور سلمان کو فلم سے نکالنے کی وجہ بیان کرتے ہوئے کہا ہے کہ سلمان خان فلم ’’ریس 3‘‘ سائن کر چکے ہیں اور وقت نہ ہونے کی وجہ سے وہ ’’دھوم 4‘‘ کی شوٹنگ کے لیے دستیاب نہیں ہو سکیں گے اس لیے یش راج کمپنی نے ان کی جگہ فلم میں شاہ رخ خان کو چور بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: سلمان اورشاہ رخ خان ڈسٹری بیوٹرکو لے ڈوبے

واضح رہے کہ یہ پہلی بار نہیں ہے کہ شاہ رخ خان کسی فلم میں منفی کردار نبھائیں گے بلکہ اس سے قبل بھی وہ کئی فلموں میں منفی کردار ادا کر چکے ہیں جن میں ڈر، ڈان، ڈان 2، انجام اور بازیگر وغیرہ شامل ہیں اور یہ تمام فلمیں باکس آفس پر بلاک بسٹر ثابت ہوئی تھیں، اب دیکھنا یہ ہے کہ شاہ رخ خان ’’دھوم 4‘‘ میں یہ روایت برقرار رکھتے ہیں یا نہیں۔