عالیہ بھٹ نے فلم ’سنجو‘ میں رنبیر کی اداکاری کو بہترین قرار دے دیا

 ممبئی: بالی ووڈ اداکارہ عالیہ بھٹ نے سنجے دت کی زندگی پر بننے والی فلم ’سنجو‘ میں چاکلیٹی ہیرو رنبیر کی اداکاری کو سب سے بہترین قرار دے دیا۔

بھارت سمیت دنیا بھر میں ریلیز ہونے والی بالی ووڈ اداکار سنجے دت کی زندگی پر بننے والی فلم  ’سنجو‘ نے ان دنوں تہلکہ مچا رکھا ہے اور ہر کسی کی زبان پر رنبیر کپور کی اداکاری کے چرچے ہیں، مداح ہوں یا فلمی ستارے  ہر کوئی سوشل میڈیا پر صرف فلم کے حوالے سے ہی اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے نظر آرہا ہے۔ ایسے وقت میں رنبیر کپور کی گرل فرینڈ سمجھی جانے والی عالیہ بھٹ بھی خاموش نہ رہیں اور لب کشائی کرتے ہوئے رنبیر کی اداکاری کو بہترین قرار دے دیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق عالیہ بھٹ نے کہا ہے کہ ’میں نے فلم دیکھی ہے جو کہ انتہائی شاندار اور لاجواب ہے اسے دیکھنے کے بعد میری پسندیدہ 10 فلموں کی فہرست میں فلم ’سنجو‘ پہلی فلم بن گئی ہے فلم میں رنبیر کی اداکاری غیر معمولی صلاحیتوں کا منہ بولتا ثبوت ہے جنہوں نے اپنی حقیقی اداکاری سے دیکھنے والوں کو داد دینے پر مجبور کردیا ہے‘۔

یہ خبر بھی پڑھیں: ’’سنجو‘‘ کی ریکارڈ کمائی، پہلے ہی دن 34 کروڑ سمیٹ لیے

عالیہ بھٹ نے مزید کہا کہ ’میں راجکمار ہیرانی کی بڑی مداح ہوں اور جب بھی اُن کی کوئی فلم ریلیز ہوتی ہے تو مجھ سے انتظار نہیں ہوتا اور فوری فلم دیکھتی ہوں، راجکمار ہیرانی ہدایت کاری میں معرکتہ آلارا صلاحیتوں کے مالک ہیں جوکہ فلم کو کامیاب بنانے کا فن جانتے ہیں جب کہ ہماری خوش نصیبی ہے کہ ہمیں اپنی زندگی میں فلم سنجو کے ذریعے ایسے شخص کی سوانح عمری دیکھنے کا موقع ملا جوکہ حیات ہے ورنہ عموماً انڈسٹری میں اُن کی زندگی پر فلم بنائی جاتی ہے جوکہ اس دنیا فانی سے کوچ کر جاتے ہیں۔

یہ خبر بھی پڑھیں: بالی ووڈ اداکار90 کی دہائی میں فلم ’سنجو‘ کی تشہیر کرتے ہوئے

واضح رہے کہ راجکمار ہیرانی کی ہدایت کاری میں سنجے دت کی زندگی پر بننے والی فلم  ’سنجو‘ میں رنبیر کپور کے ہمراہ منیشا کوئرالہ، سونم کپور،انوشکا شرما اور دیا مرزا مرکزی کردار ادا کر رہی ہیں جب کہ 29 جون کو ریلیز ہونے والی فلم باکس آفس پر صرف دو دن میں 73 کروڑ روپے سے زائد کا بزنس کرچکی ہے اور کامیابی کے مزید جھنڈے گاڑ رہی ہے۔

The post عالیہ بھٹ نے فلم ’سنجو‘ میں رنبیر کی اداکاری کو بہترین قرار دے دیا appeared first on ایکسپریس اردو.