فلم ’پدماوت‘ دپیکا سے پہلے مجھے آفر کی گئی تھی،ایشوریا کا انکشاف

ممبئی: بالی ووڈ کی خوبرو اداکارہ ایشوریا رائے نے انکشاف کیا ہے کہ فلم ’پدماوت‘ میں رانی پدمنی کے کردار کے لئے دپیکا پڈوکون سے قبل مجھے آفر کی گئی تھی۔

2018 کی پہلی بلاک بسٹر فلم ’پدماوت‘ ریلیز سے قبل کئی تنازعات کا شکار رہی جہاں بھارتی انتہا پسند ہندو تنظیم کرنی سینا کی جانب سے فلم کے نام اور کہانی کو لیکر مظاہرے بھی کئے گئے یہاں تک کہ دپیکا پڈوکون اور ہدایت کار سنجے لیلا بھنسالی کو دھمکیاں بھی دی گئیں تاہم تمام مسائل کے باوجود فلم نہ صرف ریلیز ہوئی بلکہ کامیاب بھی رہی۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بالی ووڈ کی معروف اداکارہ ایشوریا رائے بچن نے نجی چینل کو دیئے گئے انٹرویو میں انکشاف کیا کہ فلم ’پدماوت‘ کے ہدایتکار سنجے لیلا بھنسالی نے رانی پدمنی کے کردار کے لئے پہلے انہیں آفر کی تھی لیکن ہدایتکار کو بدقسمتی سے میرے مطابق خلجی کے کردار کے لئے کوئی مناسب اداکار نہیں ملا تھا اس لئے بعد میں میری جگہ دپیکا کو کاسٹ کرلیا گیا۔

دوسری جانب یہ خبریں بھی آئی تھیں کہ حیرت انگیز طور پر ایشوریا رائے نے فلم میں کام کرنے کیلئے ہامی بھی بھرلی تھی لیکن ان کی ایک شرط تھی کہ اگر سلمان خان فلم میں علاؤالدین خلجی کا کردار نبھائیں گے تو ہی وہ رانی پدماوتی بنیں گی کیونکہ اس وقت اسکرپٹ کے مطابق فلم میں پدماوتی اور علاؤالدین خلجی کا ایک ساتھ کوئی سین نہیں تھا لیکن سلمان کو ایشوریا کی یہ تجویز پسند نہیں آئی اور انہوں نے فلم میں کام کرنے سے انکار کردیا تھا۔

یہ خبر بھی پڑھیں: شاہ رخ خان نے’’پدماوت‘‘ کیوں ٹھکرائی

ایشوریا اور سلمان کی مقبول ترین جوڑی کو سنجے لیلا فلم ’باجی راؤ مستانی‘ کے ذریعے فلمی اسکرین پر لیکر آنا چاہتے تھے تاہم دونوں کے درمیان اختلافات کی وجہ سے اپنا یہ خواب پورا نہ کر سکے۔

The post فلم ’پدماوت‘ دپیکا سے پہلے مجھے آفر کی گئی تھی،ایشوریا کا انکشاف appeared first on ایکسپریس اردو.