لندن  کے میئر صادق خان نے کترینہ کو برطانوی سپر اسٹار قراردے دیا

ممبئی: لندن کے میئر صادق خان نے کترینہ کیف کی تعریف کرتے ہوئے انہیں برطانوی سپر اسٹار قرار دے دیا ہے۔

لندن کے میئر صادق خان ان دنوں بھارت کے دورے پر ہیں، جہاں وہ ممبئی، نئی دہلی اور امرتسر کا دورہ کریں گے، یہ دورہ بھارت اور برطانیہ کے تعلقات میں مزید ہم آہنگی کے لیے کیا جارہا ہے۔ صادق خان کی بھارت میں موجودگی سے حکومتی اہلکاروں سمیت بالی ووڈ اسٹارز بھی بے حد خوش ہیں۔

گزشتہ روز بھارت کے ارب پتی سرمایہ کار مکیش امبانی، ہدایت کار کرن جوہر اور پارلیمنٹیرین ملند ڈیورا نے صادق خان کے اعزاز میں شاندار پارٹی کا اہتمام کیا جس میں امیتابھ بچن، شاہ رخ خان، کترینہ کیف، عالیہ بھٹ اور سچن ٹنڈولکر سمیت متعدد بھارتی ستاروں اور اہم شخصیات نے شرکت کی۔

تقریب کے دوران صادق خان نے کترینہ کیف کی تعریفوں کے پل باندھتے ہوئے کہا کہ مجھے برطانوی بالی ووڈ سپراسٹار کترینہ کیف سے مل کر بہت خوش ہوئی۔ کترینہ کی بھارتی فلم انڈسٹری میں کامیابی دو بڑے شہروں اور ہماری بڑھتی ہوئی فلمی صنعتوں کے درمیان تعلق کی واضح مثال ہے۔

صادق خان نے سوشل میڈیا پر بالی ووڈ ستاروں کے ساتھ تصاویر شیئر کرتے ہوئے لکھا ہے کہ فلم انڈسٹری کے بڑے اور نامور اسٹارز کے ساتھ ملاقات کرنا ان کے لیے اعزاز ہے۔

The post لندن  کے میئر صادق خان نے کترینہ کو برطانوی سپر اسٹار قراردے دیا appeared first on ایکسپریس اردو.