کامیڈین بھارتی سنگھ کی شادی کی تاریخ طے پا گئی

 ممبئی:  بھارت کی معروف کامیڈین بھارتی سنگھ کی شادی کی تاریخ طے پاگئی ہے۔

ہندوستان کی معروف کامیڈین اور ٹی وی میزبان بھارتی سنگھ 3 دسمبر کو اپنے منگیتر ہرش لمباچیہ کے ساتھ شادی کے بندھن میں بندھ جائیں گی اور اس بات کا اعلان انہوں انسٹاگرام پر منفرد انداز میں تصاویر پوسٹ کرتے ہوئے کیا۔

بھارتی سنگھ اپنی جاندار کامیڈی کی بدولت مداحوں میں بہت مقبول ہیں اور اپنی شادی کی تاریخ مداحوں کو بتانے کے لیے بھی انہوں نے منفرد انداز اپنایا۔ بھارتی سنگھ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر مزاحیہ انداز میں اپنے منگیتر کے ساتھ تصاویر شیئر کی جس میں انہوں نے اپنے منگیتر کو کاندھوں پر اٹھایا ہوا ہے جب کہ تصویر میں شادی کی تاریخ کے ساتھ لکھا ہوا ہے ’’دلہا ہم لے جائیں گے‘‘۔

اس کے علاوہ ایک اور تصویر میں بھارتی سنگھ نے لکھا کہ ’’اصل محبت درست ترین ساتھی کی تلاش سے نہیں ملتی بلکہ ایک کم مناسب ساتھی کو بالکل مناسب اور موزوں سمجھنے اور جاننے سے جنم لیتی ہے‘‘۔

واضح رہے بھارتی سنگھ نے رواں سال جون میں ہرش سے منگنی کی تھی اور وہ بھارت کے معروف ڈانس پروگرام ’’نچ بلیئے‘‘ میں بھی حصہ لے چکے ہیں۔

The post کامیڈین بھارتی سنگھ کی شادی کی تاریخ طے پا گئی appeared first on ایکسپریس اردو.