کپل شرما کی نئی فلم ’’فرنگی‘‘ کا پہلا موشن پوسٹر جاری

ممبئی: بالی ووڈ کے مزاحیہ اداکار کپل شرما کی نئی فلم ’’فرنگی‘‘ کا پہلا موشن پوسٹر جاری کردیاگیا ہے۔

اپنی مزاحیہ اداکاری سے لوگوں کو دیوانہ بنانے والے بھارت کے مقبول ترین کامیڈین کپل شرما کی نئی فلم ’’فرنگی‘‘کا پہلا موشن پوسٹر جاری کردیا گیا ہے، 15 سیکنڈ دورانیے پرمشتمل پوسٹر کی دلچسپ بات یہ ہے کہ اس میں کپل ایک فرنگی یعنی انگریز افسر کو لات مارتے ہوئے دکھا ئی دے رہے ہیں۔

فلم کی کہانی 1920 کی دہائی کی ہے جس میں کپل شرما بھارتی سپاہی کا کردار نبھا رہے ہیں،کپل اپنی نئی فلم کو لے کر بہت پرجوش ہیں اور یہی وجہ ہے کہ انہوں نے فلم کی تشہیر کے لیے دیگر تمام مصروفیات ترک کردی ہیں یہاں تک کہ کپل نے اپنے کامیڈی شو کی شوٹنگ بھی موخر کردی ہے۔

اس خبرکو بھی پڑھیں: کپل شرما سے ٹوئٹر پر مداحوں کی دلچسپ چھیڑ چھاڑ

کپل کا بالی ووڈ میں پہلاتجربہ خاص کامیاب نہیں رہا تھا اور ان کی پہلی فلم ’’کس کس کو پیارکروں‘‘باکس آفس پر ناکام ہوگئی تھی لہٰذا کپل شرما چاہتے ہیں کہ ان کی اگلی فلم کامیابی سے ہمکنار ہو اور اسی لیے وہ اپنی فلم کی زوروشور سے تشہیر کرنے میں مصروف ہیں۔

واضح رہے کہ فلم ’’فرنگی‘‘کی ہدایات راجیو ڈھینگرا نے دی ہیں جب کہ دیگر کاسٹ میں اشیتا دتا، مونیکا گل، انعام الحق اور انجن سری واستو شامل ہیں فلم اگلے ماہ 24 نومبر کو ریلیز کی جائے گی۔

The post کپل شرما کی نئی فلم ’’فرنگی‘‘ کا پہلا موشن پوسٹر جاری appeared first on ایکسپریس اردو.