ہمیشہ معیاری کام کو ترجیح دی، اچھی فلم ملی تو ضرور کام کروں گی، مہرین سید

لاہور: معروف ماڈل مہرین سید نے کہا ہے کہ ہمیشہ معیاری کام کو ترجیح دی ہے، کوئی اچھی فلم کی پیشکش ہوئی تومیں ضرور کام کروں گی۔

مہرین سید نے کہا ہے کہ میں نے ہمیشہ معیاری کام کوترجیح دی ہے، مجھے کوئی اچھی فلم کی پیشکش ہوئی تومیں ضرور کام کروں گی لیکن اس کے لیے مجھے جاندارکہانی اورمضبوط کردار کی تلاش ہے۔ اس کی بڑی وجہ یہ بھی ہے کہ میری اصل پہچان فیشن انڈسٹری سے ہے اور وہاں جومقام مجھے حاصل ہوا ہے، اس کو سامنے رکھتے ہوئے کوئی بھی ایسا کام نہیں کرسکتی ، جومعیاری نہ ہو۔

اداکارہ نے ’’ایکسپریس‘‘ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان فیشن انڈسٹری کی شروعات پچاس برس قبل نہیں ہوئی لیکن گزشتہ دو دہائیوں کے دوران جس طرح کا عروج فیشن انڈسٹری پر آیا ہے، اس کی بڑی وجہ اس سے وابستہ باصلاحیت ڈیزائنرز، ماڈلز اور ایونٹ آرگنائزرز کا بہترین کام ہی ہے۔ اسی طرح گزشتہ چند برسوں کے دوران پاکستان فلم انڈسٹری میں اعلیٰ تعلیم یافتہ نوجوانوں نے اپنی جگہ بنائی ہے۔ جب انھوں نے یہاں کام شروع کیا تو انھیں بہت سی تنقید کا سامنا کرنا پڑا بلکہ اکثرلوگ توفلم بنانے اورفلم انڈسٹری کا حصہ بننے پر مذاق اڑاتے تھے لیکن آج اس شعبے میں کام کرنا ہرکسی کی اولین خواہش ہے۔

مہرین سید نے کہا کہ نامور ماڈلز، ایکٹرز اور ڈائریکٹرز کے علاوہ رائٹرز بھی فلم سے وابستہ ہوچکے ہیں اور بہت سے اس لائن میں کھڑے ہیں، جوکہ بہت خوش آئند بات ہے۔ انھوں نے کہا کہ دنیا بھرمیں فلم کو ایک خاص مقام حاصل ہے۔ یہی نہیں فلم سے وابستہ فنکاروں کی قدروقیمت تو ہالی ووڈ اسٹارز کو ملنے والی پذیرائی سے ہمارے سامنے ہے۔ اس کے علاوہ پڑوسی ملک بھارت کے کچھ فلمی ستارے ایسے ہیں جن کے چاہنے والے دنیا بھر میں ہیں۔ اسی لیے توفلم کا میڈیم اپنی منفرد پہچان رکھتا ہے۔

The post ہمیشہ معیاری کام کو ترجیح دی، اچھی فلم ملی تو ضرور کام کروں گی، مہرین سید appeared first on ایکسپریس اردو.