بالی ووڈ کے مزاحیہ اداکار نیرج وورا چل بسے

نیرج وورا فلم ’ہیرا پھیری ‘اور ’گول مال‘ کی کہانی لکھنے کے لیے بھی مشہور تھے؛ فوٹوفائل

نیرج وورا فلم ’ہیرا پھیری ‘اور ’گول مال‘ کی کہانی لکھنے کے لیے بھی مشہور تھے؛ فوٹوفائل

ممبئی: بالی ووڈ کے مزاحیہ اداکار اور فلمساز نیرج وورا طویل علالت کے بعد مقامی اسپتال میں چل بسے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق نیرج وورا گزشتہ برس 2016 میں دل کے دورے کے بعد کوما میں چلے گئے تھے، فلم پروڈیوسر فیروز نڈیاڈ والا انہیں اسپتال سے اپنے گھر لے گئے تھے اور وہیں ان کی دیکھ بھال کی جارہی تھی تاہم گزشتہ رات ان کی طبعیت زیادہ خراب ہوگئی جس کے باعث انہیں ممبئی کے کیرتی کیئر اسپتال لے جایا گیا جہاں وہ چل بسے ۔

نیرج وورا کے انتقال پر اداکار پاریش راول نے ٹوئٹر پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا فلم’ پھر ہیرا پھیری‘کے مصنف اور ہدایت کار نیرج وورا اب ہم میں نہیں رہے۔

اداکار تشار کپور نے اس خبر پر اظہارافسوس کرتے ہوئے کہا کہ انہیں یہ خبر سن کر دکھ کے ساتھ حیرانی بھی ہورہی ہے انہوں نے مجھے گول مال 1 میں کاسٹ کیا اور ایک اور فلم ’رن بھولا رن‘جو اب تک ریلیز نہیں ہوئی میں ہم دونوں نے ساتھ کام کیا۔

بھارت کے فلمی تجزیہ نگار ترن آدرش نے نیرج وورا کے متعلق اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ خوشیاں بکھیرنے والے  نیرج وورا چل بسے۔

نیرج وورا نے 1984 میں فلم ’ہولی‘ میں بطور معاون اداکار فنی کیرئیر کاآغاز کیا ۔ 1995 میں ریلیز ہوئی عامر خان کی کامیاب فلم’رنگیلا‘کے مکالمے لکھنے کے ساتھ اس فلم میں انہوں نے چھوٹا سا رول بھی ادا کیا تھا۔ اس کے علاوہ انہوں نے 1999 میں فلم ’بادشاہ‘ اور 2012 میں اجے دیوگن کے ساتھ فلم’بول بچن‘میں اہم کردار ادا کیا تھا۔ نیرج وورا بالی ووڈ کی کامیاب ترین کامیڈی سیریز کی پہلی فلم ’ہیرا پھیری ‘اور ’گول مال‘ کی کہانی لکھنے کے لیے بھی مشہور تھے۔

دھمکیوں کے باوجود فواد خان اب بھی بالی ووڈ کی پہلی پسند

ہدایت کاراکشت ورما کی پہلی پسند سیف علی خان کے بجائے فواد خان تھے؛ فوٹوفائل

ہدایت کاراکشت ورما کی پہلی پسند سیف علی خان کے بجائے فواد خان تھے؛ فوٹوفائل

 ممبئی: ہندو انتہا پسندوں کے ڈر سے بالی ووڈ کے ہدایت کاراور فلمساز پاکستانی فنکاروں کو کام دینے سے ہچکچاتے ہیں لیکن صورت حال یہ ہے کہ پاکستانی فنکار بالخصوص فواد خان اب بھی ان کی پہلی پسند ہی ہیں۔

اداکار سیف علی خان گزشتہ کئی عرصے سے اپنی فلم ’ کالا کاندی‘ کے باعث خبروں میں ہیں۔ کچھ عرصہ قبل فلم کے جاری ہونے والے پوسٹر میں سیف علی خان کا انداز نہایت نرالا اور منفرد تھا۔ تاہم آپ کو یہ جان کر حیرت ہوگی کہ اس فلم کے لیےہدایت کار کی پہلی پسند سیف نہیں بلکہ فواد خان تھے۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: فواد خان نے ایک بار پھر بھارتیوں کو اپنا دیوانہ بنالیا

اس بات کا اعتراف خود فلم کے ہدایت کار اکشت ورما نے کیا ہے کہ وہ اپنی فلم میں فواد خان کو مرکزی کردار کے لیے کاسٹ کرنا چاہتے تھے لیکن بھارت میں پاکستانی فنکاروں پر لگنے والی پابندی کے باعث وہ اپنی فلم میں فواد خان کو نہیں لے سکے اور ان کی جگہ سیف علی خان کو یہ کردار مل گیا۔ اکشت کا کہنا ہے کہ اب انہیں اس بات کا احساس ہورہا ہے کہ فلم کے لیے سیف علی خان بہترین انتخاب تھے۔ انہوں نے اس بات کا بھی اعتراف کیا کہ فلم کی کہانی لکھتے وقت ابتدا میں سیف علی خان ہی ان کے ذہن میں تھے۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: بھارتی ہدایت کار کو فواد خان کی یاد ستانے لگی

اکشت نے سیف علی خان کو فلم میں سائن کرنے کے حوالے سے دلچسپ قصہ سناتے ہوئے کہا کہ انہوں نے سیف کو پیغام بھیجا تھا کہ وہ انہیں اپنی فلم میں کاسٹ کرنا چاہتے ہیں لیکن سیف کی جانب سے کوئی جواب موصول نہیں ہوا، بعد ازاں انہوں نے سیف علی خان سے براہ راست ملنے کا فیصلہ کیا سیف علی خان سے ملاقات کے لیے تقریباً دو سال کا عرصہ لگ گیا اس وقت انہوں نے یہ پیغام سنبھال کررکھا ہوا تھا۔ فلم کی پروڈیوسرعاشی دعا نے سیف کو اسکرپٹ بھیجا تھا جسے پڑھنے کے بعد انہوں نے فلم کے لیے ہاں کہہ دی اورانہیں ’ہاں‘کہنے میں محض 5 منٹ لگے۔

واضح رہے کہ فلم ’کالا کندی‘کی کہانی 6 کرداروں کے گرد گھومتی ہے جو مختلف پس منظر سے تعلق رکھتے ہیں۔ فلم میں سیف علی خان  کے علاوہ دیپک ڈوبریال، وجے راز، کنال روئےکپور، سوبھیتا، اکشے اوبروئے، ایشا تلوار، شہناز، شیوم پٹیل، عمائرا اور نیل بھوپالم اہم کردار ادا کررہے ہیں۔ فلم 12 جنوری کو ریلیز کی جائے گی۔

فیشن کے رنگ اور ایکٹنگ میں بہت فرق دونوں شعبوں کا اپنا مزاج ہے، صائمہ اظہر

 جس خطے میں ہم بستے ہیں وہاں عمدہ میوزک فلم کی کامیابی میں اہم کردارادا کرتا ہے: ماڈل و اداکارہ کی ’’ایکسپریس‘‘سے گفتگو۔ فوٹو: فائل

 جس خطے میں ہم بستے ہیں وہاں عمدہ میوزک فلم کی کامیابی میں اہم کردارادا کرتا ہے: ماڈل و اداکارہ کی ’’ایکسپریس‘‘سے گفتگو۔ فوٹو: فائل

 لاہور: معروف ماڈل و اداکارہ صائمہ اظہر کا کہنا ہے کہ فیشن کے رنگ اورایکٹنگ کی دنیا میں بہت فرق ہے۔

’’ایکسپریس‘‘ سے گفتگوکرتے ہوئے صائمہ اظہر نے کہا کہ جب میں نے شوبز کی دنیا میں قدم رکھا توایک بات میں نے طے کرلی تھی کہ مجھے کبھی بھی نان پروفیشنل کی چھاپ نہیں لگوانی۔ میں جوبھی پروجیکٹ سائن کرتی ہوں، میری کوشش رہتی ہے کہ اس کو شیڈول کے مطابق پورا کروں، اس سوچ کے ساتھ فنی سفرشروع ہوا اورآج بھی اس پرقائم ہوں۔

اداکارہ نے کہا کہ فیشن کے رنگ اورایکٹنگ کی دنیا میں بہت فرق ہے، دونوں شعبوں کا اپنا مزاج ہے لیکن جولوگ اپنے کام کومحنت اورلگن کے ساتھ پورا کرنے کا شوق رکھتے ہوں، ان کیلیے کچھ بھی مشکل نہیں رہتا۔ دوسری جانب سیکھنے کا عمل بھی جاری رکھنا چاہیے۔ جولوگ خود کومکمل سمجھتے ہیں اورآگے بڑھنے کے بجائے ایک منزل پرآکر رک جاتے ہیں، ان کیلیے ترقی کی راہوں پر آگے بڑھنا ممکن نہیں رہتا۔

ایک سوال کے جواب میں صائمہ اظہرنے کہا کہ ٹی وی کمرشلز، ڈراموں کے علاوہ ایک فلم بھی سائن کی ہے، جس کے بارے میں تفصیلات دینا میرے معاہدے کی خلاف ورزی ہوگی۔ مگراتنا ضرور بتا سکتی ہوں کہ یہ ایک انٹرنیشنل پروجیکٹ ہے، جس کی عکسبندی کیلیے پاکستان کی خوبصورت لوکیشنز کے ساتھ ساتھ برطانیہ کی بھی کچھ لوکیشنز کوفلمبند کیاجائے گا۔ رومانٹک ، کامیڈی فلم کی جہاں کہانی جاندار ہے، وہیں اس کے میوزک پربھی خاص توجہ دی جارہی ہے۔

صائمہ اظہر نے کہا کہ ہمارے ہاں میوزک کے بغیرفلموں کی کامیابی ممکن نہیں ہے۔ اس لیے میرا نوجوان فلم میکرز کومشورہ ہے کہ وہ اپنی فلموں کے میوزک پربھرپورتوجہ دیں۔ جس خطے میں ہم بستے ہیں، وہاں پرعمدہ میوزک فلم کی کامیابی میں اہم کردارادا کرتا ہے۔

جاوید اختر نے فلم ’کچھ کچھ ہوتا ہے‘ نہ لکھنے کی وجہ بتا دی

میں نے فلم کے ایک گیت میں وہ الفاظ شامل کیے تھے جو پہلے مسترد بھی کرچکا تھا، جاوید اختر ۔فوٹو: فائل

میں نے فلم کے ایک گیت میں وہ الفاظ شامل کیے تھے جو پہلے مسترد بھی کرچکا تھا، جاوید اختر ۔فوٹو: فائل

 ممبئی: بھارت کے مشہور اسکرین پلے رائٹر جاوید اختر نے بالی ووڈ کنگ کی مشہور فلم ’کچھ کچھ ہوتا ہے‘ نہ لکھنے کی وجہ بتا دی۔

بھارت کے مشہور شاعر، مصنف اور فلم نگار جاوید اختر نہ صرف بھارت بلکہ دنیا بھر میں اپنے لکھے گئے گانوں اور فلموں کی وجہ شہرت رکھتے ہیں ، اگر بات بالی ووڈ کی فلموں کی جائے تو انہوں نے بے شمار سپر ہٹ فلمیں لکھیں لیکن انہوں نے ’فلم کچھ کچھ ہوتا ہے‘ لکھنے سے انکار کردیا تھا اور اب انہوں نے وہ وجہ بھی بتا دی۔

بھارت میڈیا رپورٹس کے مطابق ایک انٹرویو میں جاوید اختر نے 1998 میں بننے والی بالی ووڈ کے بادشاہ شاہ رخ خان کی مشہور فلم ’کچھ کچھ ہوتا ہے‘ نہ لکھنے کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ ’ میں سمجھتا ہوں کہ اس فلم کے نام کے ذو معنی یعنی ایک سے زائد مطلب نکل رہے تھے اور اسی وجہ سے میں نے اس کا اسکرپٹ نہیں لکھا‘۔

جاوید اختر نے انکشاف کیا کہ میں ’کل ہو نہ ہو‘ کے لیے شاہ رخ خان کا شکر گزار ہوں اور مجھے خوشی ہے کہ میں اس سفر کا حصہ رہا کیوں کہ میں نے اس کے ایک گیت میں وہ الفاظ شامل کیے جو مزید بہتر کرنے کی غرض سے مسترد کرچکا تھا لیکن سننے والوں نے اسے پذیرائی بخشی جو ’ کچھ تو ہوا ہے، کچھ ہوگیا ہے، کے نام سے مشہور ہیں۔

انوشکا کوہلی کی شادی، یہ ہوئی نا اصل ’رب نے بنادی جوڑی‘

انوشکا شرما نے اپنے فنی کیرئیر کا آغاز فلم’رب نے بنادی جوڑی‘سے کیا تھا؛فوٹوفائل

انوشکا شرما نے اپنے فنی کیرئیر کا آغاز فلم’رب نے بنادی جوڑی‘سے کیا تھا؛فوٹوفائل

نامور بالی ووڈ اداکارہ انوشکا شرما اور ویرات کوہلی کی شادی پر ان کے چاہنے والوں کے ساتھ شوبز اسٹارز بھی بے حد خوش ہیں اور جب سے دونوں کی شادی کی خبر منظر عام پر آئی ہے ہر طرف سے مبارکبادوں کا سلسلہ جاری ہے۔

یہاں تک کہ پاکستان اور بھارت میں اس وقت ویرات اور انوشکا کی شادی ٹوئٹر پر ٹاپ ٹرینڈ بنی ہوئی ہے۔ دونوں کی شادی پر بھارتی اور پاکستانی شوبزانڈسٹری کے ستاروں نے بھی سوشل میڈیا پر دونوں کی آئندہ آنے والی زندگی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: ویرات اورانوشکا شادی کے بندھن میں بندھ گئے

انوشکا شرما نے اپنے فنی کیرئیر کاآغاز بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان کے ساتھ فلم’رب نے بنادی جوڑی‘سے کیا تھا۔ شاہ رخ خان نے انوشکا اور ویرات کو بالکل اسی طرح دلچسپ انداز میں مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے’اب یہ ہوئی نا اصل رب نے بنادی جوڑی‘ساتھ ہی انہوں نے دونوں کے لیے اپنی نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے۔

بالی ووڈ شہنشاہ امیتابھ بچن نے دونوں کو ہمیشہ ایک دوسرے کے ساتھ رہنے کی دعا دی ہے۔

اداکارہ پریانکا چوپڑا کا کہنا ہے کہ دونوں کی شادی ایسی ہے جیسے پریوں کی کہانی۔

بالی ووڈ اداکارہ سونم کپور نے شادی شدہ جوڑے کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں ایک ساتھ بے حد خوبصورت لگ رہے ہیں۔

ہدایت کار کرن جوہرنے بھی نوبیاہتا جوڑے کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ میری دعا ہے آپ دونوں کا پیار اسی طرح برقرار رہے۔

اداکارہ نیہادھوپیا نے بھی دونوں کو مبارکباد دی ہےاور دونوں کی ورمالا پہنانے والی تصویر پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا ہے کہ بہت زبردست تصویر ہے ہمیشہ خوش رہیں۔

اداکار رتیش دیش مکھ نے مزاحیہ انداز میں ویرات کوہلی کو گھر کا نائب کپتان اورانوشکا کو گھر کا نیا کپتان بننے کی مبارکباد دی ہے۔

اداکارہ امیشا پٹیل نے کہا ہے کہ آپ کی شادی شدہ زندگی بھی اتنی ہی خوبصورت ہو جتنے خوبصورت آپ دونوں ہیں۔

اداکار ورون دھون نے دونوں کو نئی زندگی کی مبارکباد دی ہے۔

اداکارابھیشیک بچن نے دونوں کو شادی شدہ کلب میں شامل ہونے پر مبارکباد دی ہے۔

پاکستانی اداکارہ ماورا ہوکین نے ویرات انوشکا کی شادی کو فیری ٹیل(پریوں کی کہانی) سے تشبیہ دیتے ہوئے دونوں کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد دی ہے۔

ایف بی آر کا راحت فتح علی خان کو ٹیکس کے لیے نوٹس

ایف بی آر نے ایڈوانس ٹیکس کیلئے راحت فتح علی خان کو نوٹس جاری کیا ہے؛فوٹوفائل

ایف بی آر نے ایڈوانس ٹیکس کیلئے راحت فتح علی خان کو نوٹس جاری کیا ہے؛فوٹوفائل

لاہور: فیڈرل بیورو آف ریونیو نے بین الاقوامی شہرت یافتہ پاکستانی گلوکار راحت فتح علی خان کو ٹیکس کے لیے نوٹس جاری کردیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق ایف بی آر کا کہنا ہے کہ گلوکار راحت فتح علی خان کے ذمے ایڈوانس ٹیکس کے 20 لاکھ روپے واجب الادا ہیں جس کی وصولی کے لیے انہیں نوٹس جاری کیا گیا ہے۔ گلوکار کو 15 دسمبر تک کی ڈیڈ لائن دیتے ہوئے ہدایت کی گئی ہے کہ وہ 15 دسمبر تک ایڈوانس ٹیکس جمع کرادیں۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: راحت فتح علی خان کو آمدنی چھپانے پر ایف بی آر کا نوٹس

واضح رہے کہ تقریباً 6 ماہ قبل بھی ایف بی آرکی جانب سے راحت فتح علی خان کوبیرون ملک کنسرٹس سے حاصل ہونے والی آمدنی ظاہر نہ کرنے پر نوٹس جاری کیا گیا تھا۔ ایف بی آر ترجمان کا کہنا تھا کہ راحت فتح علی خان نے 3 برسوں میں بیرون ملک کنسرٹس کرکے کروڑوں روپے کمائے لیکن اس آمدنی کو سالانہ گوشواروں میں ظاہر نہیں کیا۔

میرا کو شادی سے روکنے کیلئے مبینہ شوہر نے درخواست واپس لے لی

لاہور ہائی کورٹ میں عتیق الرحمن نے میرا کیخلاف دائر درخواست واپس لے لی؛فوٹوفائل

لاہور ہائی کورٹ میں عتیق الرحمن نے میرا کیخلاف دائر درخواست واپس لے لی؛فوٹوفائل

لاہور: فلم اسٹار میرا کے مبینہ شوہر عتیق الرحمان نے اداکارہ کو دوسری شادی سے روکنے کے لیے دائر درخواست واپس لے لی ہے۔

اپنی گلابی انگریزی اور اسکینڈلز کی وجہ سے مشہور اداکارہ میرا کے مبینہ شوہر عتیق الرحمان نے لاہور کی فیملی عدالت میں میرا کے خلاف دائر شادی روکنے کی درخواست واپس لے لی ہے۔ انہوں نے موقف اختیار کیا ہے کہ وہ امریکا جارہے ہیں اور امریکا میں مصروفیت کی بنا پر عدالت میں حاضر نہیں ہوسکیں گے۔ تاہم تکذیب نکاح سے متعلق زیر سماعت درخواست کا فیصلہ ان کے خلاف آیا تو وہ اعلیٰ عدلیہ سے رجوع کریں گے۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: اداکارہ میرا کی شادی میں ایک اور رکاوٹ آگئی

گزشتہ ماہ نومبر میں اداکارہ میرا اور عتیق الرحمان کے درمیان نکاح سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی تھی جس میں عدالت نے 9 سال بعد  کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے تکذیب نکاح کیس میں تمام متفرق درخواستوں کو خارج کرتے ہوئے سماعت روزانہ کی بنیاد پر کرنے کا حکم  دیا تھا۔ اس موقع پر اداکارہ میرا کے شوہر کا دعویٰ کرنے والے عتیق الرحمان نے لاہور کی فیملی کورٹ میں شادی روکنے کی درخواست دائر کی تھی۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: اداکارہ میرا کا انگریزی گانا سوشل میڈیا پرمقبول

انہوں نے اپنی درخواست میں استدعا کی تھی کہ میڈیا میں میرا کی شادی کی باتیں گردش کررہی ہیں، میرا میری بیوی ہیں اور میں کسی بھی قیمت پر انہیں چھوڑنا نہیں چاہتا لہٰذا عدالت میرا کو تکذیب نکاح کیس کے فیصلے تک شادی سے روکنے کا حکم جاری کرے۔

واضح رہے کہ چند برس قبل میرا اور مقامی تاجر عتیق الرحمان کی تصاویر منظر عام پر آئیں تھیں، عتیق الرحمان نے دعویٰ کیا تھا کہ میرا ان کی منکوحہ ہیں اور اس بات کے ان کے پاس ناقابل تردید ثبوت ہیں لیکن میرا کا کہنا ہے کہ وہ عتیق الرحمان کی اہلیہ نہیں ہیں اورغیر شادی شدہ ہیں۔